خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق نیپال اور تبت کی سرحد پر واقع بھوٹے کوشی دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد نیپالی حکام نے نئی سیلابی وارننگ جاری کی۔

نیپال کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ملک میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 734 افراد ہلاک جبکہ 2 ہزار 498 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

چینی حکام کے مطابق تبت میں بھی 16 افراد ہلاک اور 546 لاپتہ ہیں، یوں نیپال اور تبت میں مجموعی طور پر ہلاکتیں 750 اور لاپتہ افراد کی تعداد 3 ہزار 44 ہوگئی ہے۔

حکام کے مطابق نئی وارننگ چینی حکام کی جانب سے دریا کے بالائی حصے میں پانی کے بہاؤ میں اضافے سے نیپالی حکام کو آگاہ کیے جانے کے بعد جاری کی گئی۔

اتوار کی صبح شہریوں کے موبائل فونز پر سیلاب سے متعلق انتباہی پیغامات بھیجے گئے، جبکہ امدادی ٹیمیں کھٹمنڈو کو متاثرہ علاقوں سے ملانے والی اہم شاہراہ سے ملبہ ہٹانے میں مصروف رہیں۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کئی مکانات، گاڑیاں اور ٹریکٹر کیچڑ میں دبے ہوئے ہیں، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چاول کے کھیتوں کے بڑے حصے بھی دریا میں بہہ گئے ہیں۔

سیلاب کے باعث بڑے اور چھوٹے کئی پل تباہ یا متاثر ہونے سے دریا کے دوسری جانب موجود آبادیوں تک رسائی بھی مشکل ہوگئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی تاحال بحال نہیں ہوسکی اور بجلی کے کھمبے و تاریں کیچڑ میں پھنسی ہوئی ہیں۔

حکام نے شہریوں کو مزید بارش اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر محفوظ اور بلند مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔