سعودی میڈیا کے مطابق وزارتِ داخلہ کے فیصلے کے تحت جو افراد بغیر حج پرمٹ کے حج کرنے یا مکہ مکرمہ اور مشاعرِ مقدسہ (مقاماتِ حج) میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے، ان پر 20 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

وزٹ ویزہ رکھنے والوں کو غیر قانونی طور پر حج کرانے، انہیں ٹرانسپورٹ فراہم کرنے، رہائش دینے یا مکہ میں چھپانے والوں پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ یہ جرمانہ ہر اضافی فرد کے حساب سے بڑھتا جائے گا، جب کہ غیر قانونی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیاں عدالتی حکم کے ذریعے ضبط کر لی جائیں گی۔

وہ مقیم غیر ملکی یا ویزے کی مدت سے زائد قیام کرنے والے افراد جو بغیر پرمٹ حج کریں گے، انہیں مملکت سے بے دخل کر دیا جائے گا اور ان پر 10 سال تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق سزا یافتہ افراد 30 دن کے اندر متعلقہ کمیٹی میں شکایت درج کرا سکتے ہیں، جبکہ کمیٹی کے فیصلے کے خلاف 60 دن کے اندر انتظامی عدالت میں اپیل کرنے کا حق بھی حاصل ہوگا۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں مکہ ریجن میں "911" پر اطلاع دیں۔ یہ اقدامات حج کے عمل کو منظم بنانے اور زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔