تفصیلات کے مطابق، جاپان کے دورے کے دوران کاروباری رہنماؤں کے ساتھ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ اُن کی جانب سے مختلف ممالک پر عائد کیے گئے ٹیرف کی وجہ سے انہوں نے بہت سی جنگیں روک کر دنیا کی بڑی خدمت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ انڈیا اور پاکستان کو دیکھیں، وہ ایک دوسرے سے الجھنے والے تھے۔ ان کی مختصر جھڑپ میں سات بالکل نئے اور خوبصورت جہاز مار گرائے گئے۔
امریکی صدر نے کہا کہ میں نے انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی کہا کہ دیکھو، اگر تم لوگ لڑائی کرو گے تو ہم کوئی تجارتی معاہدہ نہیں کریں گے۔
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ میری انتظامیہ نے واضح کر دیا تھا کہ اگر تم لڑو گے تو ہم کوئی ڈیل نہیں کریں گے، جس کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر اندر معاملہ ختم ہو گیا، اور یہ واقعی حیران کن تھا۔ میرا خیال ہے کہ تجارت اس بات کی 70 فیصد وجہ ہے کہ ہمارے درمیان جنگیں نہیں ہوئیں۔
Seven brand new & beautiful planes were shot down during Pakistan-India war, says Trump#Trump #AfghanistanAndPakistan pic.twitter.com/v8A7GSbgvB
— Kamran Sarwar (@KamranSarwar98) October 28, 2025
یاد رہے کہ پاکستان اور انڈیاکے درمیان مئی میں ہونے والی جھڑپ دہائیوں میں دونوں روایتی حریفوں کے درمیان بدترین تصادم تھی، جو مقبوضہ کشمیر میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد شروع ہوئی۔ نئی دہلی نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے تھے، جنہیں اسلام آباد نے مسترد کر دیا تھا۔
مختصر تصادم کے فوراً بعد پاکستان کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ جنگ کے دوران انڈیاکے چھ جنگی طیارے مار گرائے گئے، جن میں فرانسیسی ساختہ رافیل طیارہ بھی شامل تھا، جس کے باقاعدہ ثبوت بھی پیش کیے گئے۔
ابتدائی طور پر انڈیانے ان دعوؤں کو مسترد کیا، تاہم بعد ازاں نئی دہلی نے جنگ میں طیاروں کی تباہی کو تسلیم کیا، مگر تعداد بتانے سے گریز کیا اور آج تک چھ طیارے مار گرائے جانے کی بات سے انکاری ہے۔







