انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر انڈین وزارت خارجہ کے بیان کو شئیر کیا جس میں لکھا تھا کہ پاکستان کی جانب سے انڈیا پر لگائے گئے دہشت گردی سے متعلق الزامات حقائق کے برعکس اور سیاسی مقاصد پر مبنی ہیں۔
رندھیر جیسوال نے کہا کہ یہ پاکستان کی ایک پرانی حکمتِ عملی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے عوام کی توجہ اندرونی مسائل، بالخصوص فوج سے متاثرہ آئینی ترمیم اور اقتدار کی سیاست سے ہٹانا چاہتا ہے۔
Our response to media queries on remarks made by the Pakistani leadership⬇️
— Randhir Jaiswal (@MEAIndia) November 11, 2025
🔗 https://t.co/tgzgs65ppm pic.twitter.com/rxwpy8AXK6
ترجمان کے مطابق بین الاقوامی برادری حقیقت سے بخوبی واقف ہے اور وہ پاکستان کی مایوس کن کوششوں سے گمراہ نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقے جی 10 کچہری میں خودکش دھماکے کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف نے الزام عائد کیا تھا کہ اس حملے میں انڈیا کی پشت پناہی میں سرگرم گروہ ملوث ہیں۔
تاحال اس حملے کی ذمہ داری کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق کالعدم تنظیم جماعت الاحرار نے واقعے کی ذمہ داری قبول کی ہے.
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی مرکزی قیادت نے اس دھماکے سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔







