ایران کی جانب سے سخت ردعمل کے اعلان کے بعد بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور عالمی بینکوں نے اپنے ملازمین کو دبئی چھوڑنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ حکام کے مطابق ان اداروں نے عارضی طور پر گھر سے کام کرنے کی پالیسی اختیار کر لی ہے اور ملازمین کو ای میل کے ذریعے اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے “العصف المأکول” کے نام سے ایک فوجی کارروائی شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی ذرائع کے مطابق لبنان سے اسرائیل کی جانب تقریباً 100 راکٹ فائر کیے گئے، جن میں سے بعض کو اسرائیلی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق ایران اور جنوبی لبنان سے بیک وقت اسرائیل پر راکٹ حملے کیے گئے جس کے بعد اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈ نے شمالی علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت دی کہ وہ محفوظ پناہ گاہوں کے قریب رہیں۔
عبرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی اسرائیل کے ایک علاقے میں ایک عمارت کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کریات شمونہ، حیفہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اسی دوران شمالی اور وسطی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بھی مسلسل بجتے رہے۔
اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے اور چینل “کان” کے مطابق حزب اللہ نے الجلیل کے علاقے کی جانب درجنوں راکٹ داغے جن میں سے متعدد کو اسرائیلی فضائی دفاعی نظام نے راستے میں ہی تباہ کر دیا۔







