صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ وہ رمضان منانے والے تمام افراد کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
’رمضان خاندانی اور معاشرتی رشتوں کو مضبوط بناتا ہے‘، ٹرمپ کیجانب سے رمضان کے آغاز پر مسلمانوں کو مبارکبادhttps://t.co/F4pE2tyhLW
— Geo News Urdu (@geonews_urdu) February 18, 2026
انہوں نے کہا کہ رمضان روحانی تجدید، غور و فکر اور اللہ تعالیٰ کی نعمتوں پر شکرگزاری کا مقدس موقع فراہم کرتا ہے، یہ بابرکت مہینہ عبادت، روزے اور روحانی وابستگی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ خاندانی اور سماجی تعلقات کو مستحکم کرتا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمدردی، خیرات، رحم دلی اور عاجزی جیسی اقدار رمضان کے دوران مزید نمایاں ہوتی ہیں اور یہی اقدار معاشرے کی مضبوطی کا باعث بنتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی آزادی امریکا کی پہچان اور اس کی خوشحالی و طاقت کا بنیادی ستون ہے، اور ان کی انتظامیہ اس امر کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے کہ ہر شہری کو اپنے عقیدے پر عمل اور آزادی سے عبادت کرنے کا مکمل حق حاصل ہو۔
پیغام کے اختتام پر صدر ٹرمپ نے دعا کی کہ یہ مقدس مہینہ گھروں میں خوشی و اطمینان، دنیا بھر میں امن و اتحاد اور آنے والے دنوں میں برکتوں کا ذریعہ بنے۔







