سعودی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق مملکت نے پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی اور ثالثی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے، اور اس بات پر زور دیا ہے کہ ایک سیاسی حل تلاش کیا جائے جو خطے کو مزید عدم استحکام سے بچا سکے۔
بیان میں آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کی مکمل بحالی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمد و رفت یقینی بنائی جائے، جیسا کہ 28 فروری سے قبل معمول تھا۔
سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات کی شہری و اقتصادی تنصیبات پر ایران کے مبینہ ڈرون اور میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے امارات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں ایران پر زور دیا گیا کہ وہ فوری طور پر حملے بند کرے، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی پاسداری کرے اور اچھے ہمسائیگی کے اصولوں کا احترام کرے۔






