ریاض میں اسلامی وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادی مکمل دفاعی صلاحیت رکھتے ہیں اور مزید اشتعال انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے حالیہ اقدامات نے دونوں ممالک کے درمیان قائم محدود اعتماد کو بھی مکمل طور پر ختم کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے ہمسایہ ممالک کو نشانہ بنانا نہ صرف خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے بلکہ اس سے اس کی عالمی تنہائی میں بھی اضافہ ہوگا۔ ان کے مطابق ایران کی یہ پالیسی بین الاقوامی اصولوں اور اسلامی تعلیمات دونوں کے خلاف ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خلیجی ممالک کسی بھی خطرے کا مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ تاثر غلط ہے کہ وہ جواب نہیں دے سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا انتہائی خطرناک عمل ہے جس کے سنگین نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کے دوران ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر متعدد میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں، جنہیں بیشتر مواقع پر فضائی دفاعی نظام نے ناکام بنایا۔ تاہم ان حملوں نے خطے میں سکیورٹی صورتحال کو انتہائی نازک بنا دیا ہے۔







