ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وکٹر گاؤ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات خطے کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مثبت حکمت عملی کو آگے بڑھاتے ہوئے ایسے اقدامات جاری رکھیں گے جو امن اور تعاون کے فروغ کا باعث بنیں۔

ڈاکٹر وکٹر گاؤ نے کہا کہ عالمی سطح پر امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرنے والی شخصیات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،  اگر پاکستان کی قیادت موجودہ پالیسیوں کو کامیابی کے ساتھ جاری رکھتی ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرتی ہے تو یہ عالمی سطح پر ایک مثبت مثال بن سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر امن، سفارت کاری اور علاقائی تعاون کے حوالے سے اپنی کوششیں جاری رکھیں، تاکہ مستقبل میں انہیں نوبیل امن انعام جیسے عالمی اعزاز کے لیے بھی نامزد کیا جا سکے۔

چینی ماہر کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں دنیا کو ایسے رہنماؤں کی ضرورت ہے جو کشیدگی کے بجائے مذاکرات، تعاون اور امن کے راستے کو ترجیح دیں۔ انہوں نے پاکستان کے کردار کو خطے میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن اور معاشی ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ نوبیل امن انعام دنیا کے ان افراد یا اداروں کو دیا جاتا ہے جو عالمی امن، تنازعات کے حل اور انسانی بہتری کے لیے نمایاں خدمات انجام دیتے ہیں۔ ڈاکٹر وکٹر گاؤ کے بیان کے بعد پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حلقوں میں اس حوالے سے گفتگو جاری ہے۔