صادق خان نے ایک بیان میں کہا کہ یہ بھی سمجھ نہیں آتا کہ صدر ٹرمپ مجھ میں اتنی دلچسپی کیوں لیتے ہیں؟ شاید ان کا مجھ پر دل آ گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ممکن ہے اس کی وجہ یہ ہو کہ وہ ایک ترقی پسند، کثیرالثقافتی، آزاد خیال اور کامیاب شہر کے میئر ہیں۔

صادق خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ہفتے انہیں لی کوان یو ایوارڈ ملا، جو بہترین شہری قیادت کے اعتراف میں دیا جاتا ہے اور شاید یہی بات صدر ٹرمپ کو ناگوار گزری ہو۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور صادق خان کے درمیان اختلافات 2015 سے جاری ہیں۔ ماضی میں ٹرمپ صادق خان کو برا آدمی اور برطانیہ کا خوفناک نمائندہ قرار دے چکے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ایک موقع پر یہ بھی کہا تھا کہ وہ کوئی مسئلہ پیدا نہیں کرنا چاہتے، لیکن ان کے خیال میں لندن کے میئر انتہائی نااہل ہیں۔

دوسری جانب صادق خان بھی متعدد مواقع پر صدر ٹرمپ کی پالیسیوں، خصوصاً امیگریشن، اقلیتوں اور ماحولیاتی امور سے متعلق مؤقف پر تنقید کرتے رہے ہیں، جس کے باعث دونوں رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہی ہے۔