انڈین میڈیا این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انڈیا نے افغانستان کے ساتھ اپنے مکمل سفارتی تعلقات بحال کر دیے ہیں اور کابل میں اپنے ٹیکنیکل مشن کو اب سفارت خانے کا درجہ دے دیا ہے۔
یہ اعلان انڈین وزیرِ خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے جمعہ کی صبح کابل میں افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔
جے شنکر نے کہا کہ انڈیا افغانستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پُرعزم ہے۔ اںڈیا افغانستان کی ترقی اور خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور اس مقصد کے لیے نئے منصوبوں پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے۔
انڈین وزیرِ خارجہ نے صحت کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے بتایا کہ انڈیا افغانستان کو جدید طبی آلات، ویکسین اور کینسر کی ادویات فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی اںڈیا نے خیر سگالی کے طور پر 20 ایمبولینسز دینے کا اعلان بھی کیا۔
یاد رہے کہ 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے اور امریکی فوج کے انخلا کے بعد انڈیا نے کابل میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا تھا۔ بعد ازاں طالبان حکومت کی جانب سے سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد اںڈیا نے ایک تکنیکی ٹیم تعینات کی تھی۔
اکتوبر 2025 میں دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔ افغان وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے کہا کہ طالبان حکومت انڈیا کے خلاف کسی سرگرمی کے لیے افغان سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گی۔
واضع رہے کہ اگرچہ انڈیا نے طالبان کے ساتھ سفارتی سطح پر رابطے بحال کر لیے ہیں تاہم طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کا فیصلہ ابھی تک نہیں کیا گیا۔ دنیا کے چند ہی ممالک نے طالبان کے مقرر کردہ عہدیداروں کو تسلیم کیا ہے جبکہ روس واحد ملک ہے جس نے طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے۔






