برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی نیوز کے مطابق عدالتی فیصلے میں بتایا گیا کہ 59 سالہ ریان روتھ کو ستمبر 2024 میں امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ انٹرنیشنل گالف کلب میں ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔ واقعے کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ صدارتی انتخاب کے امیدوار تھے۔

استغاثہ کے مطابق امریکی خفیہ سروس کے ایک اہلکار نے گالف کورس کے قریب جھاڑیوں میں چھپی ہوئی رائفل کی بیرل دیکھی، جس پر اہلکار نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کی۔ تاہم ریان روتھ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جسے بعد ازاں قریبی علاقے سے گرفتار کر لیا گیا۔

مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے جج ایلین کینن نے تحریری حکم میں کہا کہ ریان روتھ کے جرائم بلاشبہ عمر قید کی سزا کے مستحق ہیں۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ملزم نے کئی ماہ پر محیط منصوبہ بندی کے تحت ایک اہم صدارتی امیدوار کو قتل کرنے کی کوشش کی اور اپنے راستے میں آنے والے کسی بھی شخص کو نقصان پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ریان روتھ نے نہ تو اپنے اقدامات پر کسی قسم کے افسوس کا اظہار کیا اور نہ ہی متاثرہ افراد کے لیے پچھتاوا ظاہر کیا، جو اس کے رویے کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔

ریاستی استغاثہ کے مطابق ریان روتھ نے صحتِ جرم سے انکار کیا تھا اور آٹھ ستمبر سے شروع ہونے والی عدالتی کارروائی کے دوران خود ہی اپنا مقدمہ لڑا۔

واضح رہے کہ جیوری کی جانب سے مجرم قرار دیے جانے کے بعد ریان روتھ نے عدالت میں ایک قلم سے اپنی گردن پر وار کرنے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے قابو میں لے لیا اور کمرۂ عدالت سے باہر لے گئے۔