نارتھ ڈکوٹا روانگی سے قبل جوائنٹ بیس اینڈریوز پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بل شاید صرف ایک یا دو ماہ کے لیے اس عہدے پر ہیں، لیکن میں نے ان سے کہا ہے کہ وہ جو چاہیں ڈی کلاسیفائی کر سکتے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا اس میں 2020 کے انتخابات سے متعلق ریکارڈ بھی شامل ہیں، تو انہوں نے جواب دیا کہ میں نے انہیں کہا ہے کہ وہ ایسا کر سکتے ہیں، یہ منصفانہ ہے۔ اب آپ کو ان سے پوچھنا ہوگا۔
ٹرمپ نے گزشتہ ماہ قومی سلامتی کا تجربہ نہ رکھنے والے اپنے قریبی اتحادی بل پلٹے کو قائم مقام ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس مقرر کیا تھا، جس پر سیاسی حلقوں میں شدید تنقید سامنے آئی۔ بعد ازاں ٹرمپ نے مین ہیٹن کے اعلیٰ وفاقی پراسیکیوٹر جے کلیٹن کو اس عہدے کے لیے نامزد کر دیا، تاہم ان کی سینیٹ سے منظوری ابھی باقی ہے۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کلیٹن کی نامزدگی پر تقریباً دو ہفتوں میں سماعت متوقع ہے، تاہم 4 جولائی کی تعطیلات کے باعث کانگریس اس وقت تعطیل پر ہے اور سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی نے ابھی تک کسی سماعت کا شیڈول جاری نہیں کیا۔
President Trump told reporters that he has granted interim DNI Pulte full authority to Declassify whatever he wants as they await Senate confirmation of Jay Clayton.
— American Patriot 🇺🇸 (@patriotnews26) July 1, 2026
What should be Declassified next? Wrong answers encouraged..https://t.co/V5tDNdXh5y pic.twitter.com/TJAUk1UF5o
ٹرمپ 2024 کا صدارتی انتخاب جیت کر دوبارہ وائٹ ہاؤس پہنچے، 2020 کے انتخابات میں اپنی شکست کے بعد مسلسل یہ دعویٰ کرتے رہے ہیں کہ اس انتخاب میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی تھی، تاہم امریکی عدالتیں اور انتخابی حکام ان دعوؤں کے حق میں کوئی ثبوت نہیں پا سکے۔
آفس آف دی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس (او ڈی این آئی) اور سینیٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین ٹام کاٹن کے دفتر نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
او ڈی این آئی امریکی انٹیلی جنس اداروں کی نگرانی کرتا ہے، جن میں سنٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) اور نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) بھی شامل ہیں۔ این ایس اے بیرونی مواصلات کی نگرانی اور امریکا کو سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
بل پلٹے اس وقت فیڈرل ہاؤسنگ فنانس ایجنسی کے سربراہ بھی ہیں اور جے کلیٹن کی سینیٹ سے منظوری تک وہ قائم مقام ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس کی ذمہ داریاں بھی نبھاتے رہیں گے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے انٹیلی جنس اداروں میں سینکڑوں ملازمتیں ختم کرنے کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔






