فلوریڈا میں وزیرِ دفاع اور وزیرِ بحری امور کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دنیا بھر میں اب تک 8 جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا، جن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ بھی شامل ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے دوران فضائی جھڑپوں میں طیارے تباہ ہوئے، تاہم بروقت سفارتی اقدامات کے ذریعے بڑے پیمانے پر تباہی کو روکا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک قابلِ احترام شخصیت ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ مل کر انہوں نے جنگ رکوا کر لاکھوں جانیں بچانے میں کردار ادا کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران صدر ٹرمپ نے امریکی بحریہ کو مزید مضبوط بنانے کے منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا 100 گنا زیادہ طاقتور ٹرمپ کلاس بحری جہاز تیار کر رہا ہے جبکہ 15 جدید آبدوزیں بھی بنائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ آبدوز سازی میں امریکا چین اور روس سے کئی برس آگے ہے اور یہ نئی آبدوزیں امریکا کے دشمنوں کے لیے خوف کی علامت بنیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وکٹری نامی نیا بحری جہاز امریکی فوجی طاقت کو برقرار رکھنے اور جہاز سازی کی صنعت کو بحال کرنے میں مدد دے گا، جبکہ امریکی بحریہ کو دنیا کی سب سے طاقتور بحریہ بنایا جا رہا ہے۔







