انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے مالی بے ضابطگیوں کے خاتمے کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان آج عالمی برادری کے شانہ بشانہ بدعنوانی کے خلاف اپنی کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کا اعلان کرتا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق 2025 میں یہ دن نوجوانوں کے ساتھ مل کر بدعنوانی کے خلاف ایماندار، باعزت مستقبل کی بنیاد کے عنوان کے تحت منایا جا رہا ہے، جو معاشرے کے ہر طبقے کی شمولیت اور خصوصاً نوجوانوں کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ بدلتے دور میں بدعنوانی کے طریقہ کار بھی جدید ہوتے جا رہے ہیں، اس لیے نوجوانوں کی آگاہی اور عملی شمولیت اس مسئلے کے مستقل خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان میں کرپشن کے بارے عوامی تاثر پر مبنی رپورٹ پر اظہار اطمینان@CMShehbaz pic.twitter.com/5Dvuv14Ji7
— PTV News (@PTVNewsOfficial) December 9, 2025
وزیراعظم نے واضح کیا کہ مالی بدعنوانی معاشی ترقی کو کمزور، اداروں کی بنیادوں کو کھوکھلا اور عوامی اعتماد کو شدید متاثر کرتی ہے۔ یہ دن اس بات کی بھی یاد دہانی کراتا ہے کہ دنیا متحد ہو کر بدعنوانی جیسے سماجی زہر کے خلاف آواز اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت مالی بدعنوانی کے سدباب کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، اور قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت تمام متعلقہ ادارے پوری تندہی سے ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے نیب کی قانونی کارروائیوں، قومی وسائل کے تحفظ اور نوجوانوں میں آگاہی بڑھانے کی کوششوں کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منظم مالیاتی جرائم کا شکار ہونے والے شہریوں کو بروقت انصاف فراہم کرنے سے عوام کا اداروں پر اعتماد بڑھا ہے۔ عالمی سطح پر بھی پاکستان اقوام متحدہ کے کنونشن برائے انسداد بدعنوانی کے تحت مختلف ممالک کے ساتھ تعاون بڑھا رہا ہے اور باہمی قانونی معاونت کی یادداشتوں پر دستخط عالمی شراکت داری کا حصہ ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ وفاقی و صوبائی سطح پر ہر ادارہ اور ہر طبقہ متحد ہو کر بدعنوانی کے خلاف جدوجہد کو مزید مؤثر بنائے گا، تاکہ ایک شفاف، منصفانہ اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکے۔







