جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پاکستان پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (پی ای آئی) ان فنڈز کے ذریعے 2026 کی پولیو مہم کے لیے 24 ملین سے زائد ویکسین خوراکوں کی خریداری کرے گا۔ اس اقدام کا مقصد ملک بھر میں بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا اور وائرس کی منتقلی کو روکنا ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پاکستان دنیا کے ان دو ممالک میں شامل ہے جہاں تاحال پولیو وائرس کی منتقلی مکمل طور پر نہیں روکی جا سکی۔ سال 2025 کے دوران اب تک پاکستان میں پولیو کے 30 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت پاکستان نے شراکت داروں کے تعاون سے روڈ میپ ٹو زیرو کے تحت نیشنل ایمرجنسی ایکشن پلان 2025-26 تیار کیا ہے، جس کا مقصد ملک بھر میں پولیو کی منتقلی کا خاتمہ کرنا ہے۔

پاکستان میں جاپان کے سفیر اکامٹسو شیوچی نے پاکستان کی صحت کی ترجیحات کے لیے جاپان کے طویل مدتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جاپان کا ماننا ہے کہ بچوں کو قابلِ روک تھام بیماریوں سے بچانا کسی بھی ملک کے مستقبل میں سب سے اہم سرمایہ کاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان نے جنگ بندی کی پاسداری نہیں کی، پاک افغان جنگ بندی ختم ہو گئی، ترجمان دفتر خارجہ

ان کا کہنا تھا کہ اس تعاون کے ذریعے جاپان، پاکستان، یونیسیف اور دیگر تمام شراکت داروں کے ساتھ پولیو کے خاتمے کے مشترکہ مقصد کے لیے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ جاپان کی حکومت پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں دیرینہ شراکت دار رہی ہے۔ 1996 سے اب تک جاپان نے یونیسیف کے ذریعے پاکستان بھر میں لاکھوں بچوں کے تحفظ کے لیے 245 ملین امریکی ڈالرز سے زائد کی گرانٹس اور قرضے فراہم کیے ہیں۔