ترجمان اقتصادی امور کے مطابق پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان 330 ملین ڈالر مالیت کا سیکنڈ پاور ٹرانسمیشن منصوبہ طے پایا ہے، جو آئندہ آنے والے پن بجلی منصوبوں سے 2,300 میگاواٹ بجلی کی قابل اعتماد ترسیل کو ممکن بنائے گا۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ سرکاری ملکیتی اداروں کی ٹرانسفارمیشن پروگرام کے لیے 400 ملین ڈالر کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔

سیکرٹری اقتصادی امور کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے سرکاری ملکیتی اداروں کے ٹرانسفارمیشن پلان، ایس او ای ایکٹ اور متعلقہ پالیسیوں پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے گا۔

ترجمان اقتصادی امور نے مزید بتایا کہ اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے ان دونوں اقدامات کے لیے حکومتِ پاکستان کے مضبوط عزم کو سراہا ہے۔

ایما فان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملکیتی اداروں کی اصلاحات کا یہ پروگرام حکومتِ پاکستان کی جاری اصلاحاتی کوششوں کو مزید تقویت فراہم کرے گا۔