ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں قائم خدمت مراکز سے 38 لاکھ 44 ہزار سے زائد شہریوں نے جدید، شفاف اور ڈیجیٹل پولیس سروسز سے استفادہ حاصل کیا۔

رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں 16 لاکھ 68 ہزار سے زائد شہریوں نے جنرل پولیس ویریفیکیشن کروائی، جب کہ نو لاکھ 11 ہزار 280 شہریوں کو پولیس کریکٹر سرٹیفیکیٹس جاری کیے گئے۔ اسی طرح 4 لاکھ 72 ہزار سے زائد افراد نے کرایہ داری اندراج کی سہولت حاصل کی۔

رپورٹ کے مطابق  پنجاب پولیس خدمت مراکز سے ایک لاکھ 67 ہزار 194 شہریوں کو میڈیکولیگل سرٹیفیکیٹس جاری کیے گئے، جب کہ کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے جاری اقدامات کے تحت ایک لاکھ 39 ہزار سے زائد افراد کو قانونی اور سماجی معاونت فراہم کی گئی۔

ترجمان کے مطابق 46 ہزار 646 شہریوں نے وہیکلز ویریفیکیشن کروائی، جب کہ ایک لاکھ سے زائد شہریوں نے دستاویزات کی گمشدگی کا اندراج کروایا۔ 

رپورٹ کے مطابق سال بھر کے دوران چار ہزار 764 جرائم رپورٹس رجسٹرڈ ہوئیں، جب کہ دو لاکھ 14 ہزار 688 شہریوں نے ایف آئی آر کی نقول حاصل کیں۔ اسی عرصے میں 85 ویمن وائلنس رپورٹس بھی درج کی گئیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد شہریوں نے ایمپلائز رجسٹریشن کروائی، جب کہ تین ہزار 572 افراد نے نجی ملازمت کے لیے پولیس ویریفیکیشن کی سہولت حاصل کی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس خدمت مراکز پبلک سروس ڈلیوری کا ایک شاندار فلیگ شپ پراجیکٹ ہیں جہاں شہریوں کو 24 گھنٹے جدید، شفاف اور تیز ترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ لاہور سمیت پورے صوبے میں ہر ماہ لاکھوں شہری ان مراکز سے مستفید ہو رہے ہیں اور شہریوں کے فیڈ بیک کی روشنی میں ان مراکز کی سروسز کو مسلسل اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو مزید بہتر اور مؤثر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔