فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ اعلان ’سکار‘ کے صدر روشن نجف نے ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے سالانہ اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے ملاقات کے دوران کیا۔
روشن نجف نے کہا کہ ’سکار‘ پاکستان کو ایک قدرتی اور طویل مدتی توانائی شراکت دار کے طور پر دیکھتی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی وسیع مارکیٹ، توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب اور تیل و گیس کے شعبے میں جاری اصلاحات کی رفتار اس دلچسپی کی اہم وجوہات ہیں۔
انہوں نے ’سکار ٹریڈنگ‘ کے ذریعے پاکستان میں موجود موجودہ تجارتی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی، جو پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کے ساتھ حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) فریم ورک کے تحت کام کر رہی ہے۔
Azerbaijan’s SOCAR Signals Imminent Investment in Pakistan’s Oil and Gas Sector
— Ministry of Finance, Government of Pakistan (@Financegovpk) January 22, 2026
Following the high-level business roundtable chaired earlier today by the Federal Minister for Finance and Revenue, Senator Muhammad Aurangzeb, on the sidelines of the World Economic Forum (WEF)… pic.twitter.com/dNV0ODocsV
ان کا کہنا تھا کہ اس انتظام کے تحت پاکستان کو ایل این جی کی فراہمی میں لچکدار شرائط حاصل ہیں۔ فریم ورک کے مطابق ’سکار‘ ہر ماہ ایک ایل این جی کارگو فراہم کر سکتی ہے، جس میں ’ٹیک اینڈ پے‘ (لازمی خریداری) کی شرط شامل نہیں، یوں قیمت اور طلب کے مطابق بہتر سہولت میسر آتی ہے۔ اس معاہدے میں 2025 تک توسیع کر دی گئی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مسلسل تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
روشن نجف نے مزید بتایا کہ ’سکار‘ پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے لیے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے ساتھ بھی رابطے میں ہے اور پاکستان میں جاری توانائی اصلاحات کے تناظر میں تیل و گیس کی وسیع ویلیو چین میں تعاون بڑھانے کی خواہش رکھتی ہے۔
’سکار‘ کے عالمی پروفائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ ایک بڑی ریاستی توانائی کمپنی ہے جو 20 سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے۔ کمپنی کے ملازمین کی تعداد 66 ہزار سے زائد ہے، 2024 میں اس کی آمدنی تقریباً 50.6 ارب ڈالر زرہی، جب کہ 2025 میں اس کی تخمینہ شدہ مالیت 56.75 ارب ڈالر ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک ابھرتی ہوئی معیشت کی قومی توانائی کمپنی ہونے کے ناطے ’سکار‘ کا تجربہ اسے پاکستان کے توانائی شعبے کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور طویل مدتی شراکت دار بناتا ہے۔
Azerbaijan’s SOCAR has signalled imminent investment in Pakistan’s oil and gas sector
— Khurram Schehzad (@kschehzad) January 22, 2026
Announced at WEF Davos with Pakistan’s Finance Minister, the move reflects strong confidence in Pakistan’s energy-sector reforms, market depth, and long-term stability, and aims to deepen… pic.twitter.com/A8ObfrFv28
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ’سکار‘ کی مجوزہ سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے تیل، گیس اور کان کنی کے شعبوں میں تزویراتی اور تجارتی طور پر سودمند سرمایہ کاری لانے کے لیے حکومتِ پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ان شعبوں کو پاکستان کی توانائی سلامتی اور صنعتی ترقی کے لیے کلیدی قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جاری اصلاحات کا محور قیمتوں میں شفافیت، معاہدوں میں وضاحت اور خطرات کی منصفانہ تقسیم کے طریقہ کار کو بہتر بنانا ہے، تاکہ نجی شعبے کی مستقل اور مؤثر شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ملاقات کا اختتام اس مشترکہ مفاہمت پر ہوا کہ ’سکار‘ کی جانب سے سرمایہ کاری کے حتمی فیصلے تک دونوں فریق قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے۔






