اس عالمی سطح کے ٹیکنالوجی فیسٹیول میں 75 ملین ترک لیرا (تقریباً 48 کروڑ 30 لاکھ پاکستانی روپے) کے انعامات، جب کہ 100 ملین ترک لیرا (تقریباً 64 کروڑ پاکستانی روپے) سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق، ٹی تھری فاؤنڈیشن اور ترکیہ کی وزارتِ صنعت و ٹیکنالوجی کے اشتراک سے منعقد ہونے والے ٹیکنوفیسٹ میں 52 مقابلے اور 127 ذیلی کیٹیگریز شامل ہیں، جن کے لیے درخواستیں 20 فروری تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

اس سال فیسٹیول میں راکٹ ٹیکنالوجی، بغیر پائلٹ فضائی گاڑیاں، زرعی ٹیکنالوجی، صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت، سیٹلائٹ کمیونیکیشن اور ایئر ڈیفنس سمیت متعدد جدید شعبوں میں مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پہلی بار الیکٹرانک وارفیئر، آٹونومس سسٹمز اور ٹیکنالوجیز فار ہیومینٹی جیسے نئے مقابلے بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایمیزون نے مزید 16 ہزار ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان کر دیا

ٹیکنوفیسٹ کی عالمی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور حالیہ مقابلوں میں پاکستانی طالبات نے سوشل انوویشن کیٹیگری میں پہلا انعام حاصل کر کے ملک کا نام روشن کیا۔

دلچسپی رکھنے والے طلبہ و نوجوان 20 فروری تک فیسٹیول کی سرکاری ویب سائٹ https://www.teknofest.org/en/ پر اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔