وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے قریبی تعلقات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں امن اور استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں سعودی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے لیے خصوصی احترام اور برادرانہ جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے مشکل علاقائی صورتحال میں سعودی عرب کے تحمل اور ذمہ دارانہ کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں مملکت کے ساتھ کھڑا ہے اور اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی ناگزیر ہے، اور اس حوالے سے سعودی عرب کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے پیش نظر قریبی رابطہ اور مشاورت جاری رکھی جائے گی تاکہ امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ، اقتصادی شراکت داری، اور علاقائی و عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی، جبکہ دونوں ممالک نے مستقبل میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔







