پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آج سعودی عرب کے وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی ہے۔

اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم نے اسلام آباد مذاکرات سے متعلق تازہ پیش رفت سے آگاہ کیا اور تمام فریقوں کی جانب سے جنگ بندی کے وعدوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔

پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مذاکرات کے عمل میں سہولت کاری جاری رکھے گا اور خطے سمیت وسیع تر امن و استحکام کے لیے تمام سفارتی کوششوں کی حمایت کرتا رہے گا۔

بعد ازاں نائب وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ کے درمیان اسلام آباد مذاکرات اور اس کی پیش رفت کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مصر کے وزیر خاجہ ایچ ای بدر عبداللطیٰ سے ٹیلیفونک گفتگو میں اسحاق ڈار نے اپنے مصری ہم منصب کو  اسلام آباد مذاکرات  اور فریقین کے درمیان روابط کو آسان بنانے میں پاکستان کی مسلسل کوششوں سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: مذاکرات بے نتیجہ ختم، وفود اسلام آباد سے روانہ: ملاقات اچھی رہی، کئی نکات پر اتفاق ہوا مگر جوہری معاملے پر متفق نہ ہوسکے، ڈونلڈٹرمپ

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے اس بات پربھی زور دیا کہ تمام فریقین کے لیے جنگ بندی کے اپنے عزم کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔

بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے خطے اور اس سے باہر امن اور استحکام کے حصول کے لیے مسلسل بات چیت اور سفارت کاری کی ضرورت کا اعادہ کیا۔

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ کے درمیان اسلام آباد مذاکرات اور اس کی پیش رفت کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ترکیہ کے وزیرخارجہ نے بھی سینٹر اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کیا ہے، دونوں رہنماؤں میں اسلام آباد مذاکرات میں پیش رفت پر بات چیت کی گئی۔