اجلاس میں تینوں برادر ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نہ صرف دوطرفہ بلکہ سہ فریقی سطح پر بھی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام، توانائی، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے سوشل اکاؤنٹ  ’ایکس‘ پربتایا کہ انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ نہایت اہم اور نتیجہ خیز ملاقات کی۔

ان  کا کہنا تھا کہ پاکستان، ترکیہ اور قطر کے درمیان مضبوط تعلقات مشترکہ اقدار اور اعتماد پر مبنی ہیں، اور موجودہ عالمی حالات میں ان روابط کو مزید مستحکم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ اقتصادی شراکت داری کو وسعت دے کر خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولے جا سکتے ہیں۔

 وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فورم کے موقع پر آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے بھی اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ دفاع، تجارت، توانائی اور سفارتکاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں مستقبل کے ممکنہ منصوبوں، علاقائی رابطوں اور مشترکہ مفادات کے فروغ پر بھی غور کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے دوران وزیراعظم  کی مصروفیات اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ پاکستان عالمی سطح پر اپنے سفارتی روابط کو فعال اور مؤثر بنانے کے لیے متحرک ہے، ان ملاقاتوں سے نہ صرف پاکستان کے علاقائی کردار کو تقویت ملے گی بلکہ اقتصادی مواقع میں بھی اضافہ متوقع ہے۔