ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و استحکام سے جڑے اہم امور پر کھل کر بات چیت کی۔ اس موقع پر جاری کشیدگی میں کمی کے لیے بین الاقوامی سطح پر ہونے والی کوششوں اور ممکنہ پیشرفت پر بھی غور کیا گیا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اقدام کو مثبت پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قدم خطے میں تناؤ کم کرنے اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے،موجودہ حالات میں فریقین کے درمیان رابطوں کا تسلسل بے حد ضروری ہے تاکہ کسی پائیدار حل کی جانب پیشرفت ممکن ہو سکے۔

ان  کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور مکالمے کا حامی رہا ہے اور اسی پالیسی کے تحت سفارتی ذرائع کو ترجیح دی جا رہی ہےاور یہ امید ظاہر کی کہ ایران کی جانب سے بھی مثبت ردعمل سامنے آئے گا، جو مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔

 وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف عاصم منیر اس مسئلے کے حل کے لیے مختلف سطحوں پر فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ تمام فریقین کو پرامن اور سفارتی راستہ اختیار کرنے پر آمادہ کیا جائے۔

ملاقات کے دوران امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے بھی خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور کہا کہ امریکہ خطے میں استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاری سفارتی کوششیں جلد مثبت نتائج دیں گی اور مذاکرات کے اگلے مرحلے میں اہم پیشرفت دیکھنے کو ملے گی۔
واضح رہے  کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔