بلوچستان کے علاقے ڈھاڈر میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں کئی شدت پسند مارے گئے جبکہ ایک اہلکار نے جام شہادت نوش کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے علاقے میں تخریبی کارروائی کی کوشش کی، تاہم پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے فوری ردعمل دیتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔ کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں متعدد دہشتگرد ہلاک ہو گئے، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ مزید ممکنہ خطرات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
خیال رہے کہ فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت حکمت عملی کے باعث ایک بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔ سیکیورٹی ادارے علاقے میں مکمل الرٹ ہیں اور صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور سی ٹی ڈی کی بروقت کارروائی کو سراہا ہے، انہوں نے کہا کہ بہادر اہلکاروں نے دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
آپریشن کے دوران شہید ہونے والے اہلکار کو وزیراعظم نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا بھی کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوانوں نے جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی اعلیٰ مثال قائم کی ہےاور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب سیکیورٹی حکام نے واضح کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور امن و امان کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔







