اجلاس میں حکام کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت کے مختلف فلاحی پروگرامز، جن میں راشن کارڈ، ہمت کارڈ اور مینارٹی کارڈ شامل ہیں، کے ذریعے مختصر عرصے میں 16 لاکھ سے زائد افراد کو مالی اور سماجی سہولتیں فراہم کی جا چکی ہیں، جو حکومتی پالیسیوں کی مؤثریت کا واضح ثبوت ہے۔
ہمت کارڈ پروگرام کے تحت ایک لاکھ سے زائد خصوصی افراد کو باقاعدہ مالی امداد دی جا رہی ہے، جبکہ آئندہ مالی سال میں اس سہولت کو مزید وسعت دیتے ہوئے دو لاکھ نئے مستحق افراد کو بھی شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح راشن کارڈ کے ذریعے 14 لاکھ سے زائد کم آمدن گھرانوں کو ماہانہ بنیادوں پر مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ ’مریم کو بتائیں‘ پروگرام کے تحت مزید 50 ہزار افراد کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ریلیف دیا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مینارٹی کارڈ کے تحت ایک لاکھ مستحق اقلیتی شہریوں کو ہر تین ماہ بعد 10 ہزار 500 روپے کی امداد دی جا رہی ہے، جس کا مقصد معاشی طور پر کمزور طبقات کی مدد اور ان کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ کے خصوصی پروگرام کے تحت 16 ہزار سے زائد افراد کو وہیل چیئرز، سماعتی آلات اور دیگر معاون سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں، جبکہ اس سہولت کو مزید بہتر بنانے کے لیے آلات کی مرمت، صفائی اور سروس کی باقاعدہ سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
اجلاس میں “دھی رانی پروگرام” کے تحت اجتماعی شادیوں کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت اب تک 5 ہزار شادیوں کا انعقاد مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ نے اس ہدف کو بڑھا کر 9 ہزار تک لے جانے کی ہدایت دی اور مزید مستحق خاندانوں کو اس میں شامل کرنے پر زور دیا۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں ڈرون اُڑانے پر عائد پابندی میں مزید 30 دن کی توسیع کر دی گئی
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ لاوارث اور بے سہارا بچوں کے لیے جدید طرز کے یتیم خانے قائم کیے جائیں، جبکہ خواتین اور بچوں کی فلاح کے لیے مستند غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ہیلپ لائن 1737 کے قیام اور زکوٰۃ فنڈز کے ذریعے ادویات کی فراہمی کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے اقدامات کی بھی منظوری دی۔
اجلاس میں پیشہ ور گداگروں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ان کے ڈیٹا کی جمع آوری اور میپنگ کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ صنعت زار کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نجی شعبے کو شامل کرنے اور مصنوعات کے ڈسپلے سینٹرز کی مؤثر برانڈنگ کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب کا بنیادی مقصد عام آدمی کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے، اور سوشل ویلفیئر کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے اسے عوام دوست بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کم آمدن اور مستحق طبقات کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔







