وزیراعظم نے گلگت اور اسکردو میں جدید سیف سٹی منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کیا جبکہ خطے میں مفت سولر پینلز کی تقسیم کے توسیعی پروگرام کا بھی آغاز کیا۔ اس کے علاوہ گلگت میں 100 میگاواٹ شمسی توانائی منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یہ منصوبہ آئندہ سال کے وسط تک ہر صورت مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو فوری ریلیف مل سکے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا ملک کا روشن مستقبل ہیں، جنہوں نے اپنی محنت اور قابلیت سے یہ اعزاز حاصل کیا،لیپ ٹاپ کی تقسیم کسی احسان کے طور پر نہیں بلکہ مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کی گئی ہے، تاکہ حقیقی مستحق طلبا کو فائدہ پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشی طور پر کمزور مگر ذہین طلبا کو بھی مساوی مواقع فراہم کیے گئے ہیں تاکہ کوئی بھی طالب علم وسائل کی کمی کے باعث پیچھے نہ رہ جائے، ہماری ہمیشہ سے یہی پالیسی رہی ہے کہ میرٹ اور شفافیت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
دانش اسکول منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے پنجاب میں اپنے دورِ وزارت اعلیٰ کے دوران معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے دانش اسکولوں کا آغاز کیا تھا، جہاں کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو مفت معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ اب اسی ماڈل کو گلگت بلتستان میں بھی توسیع دی جا رہی ہے۔
شہباز شریف نے اعلان کیا کہ گلگت بلتستان میں گلگت، غانچے، استور اور اسکردو میں چار نئے دانش اسکول قائم کیے جائیں گے، جن میں طلبا و طالبات کے لیے علیحدہ کیمپس ہوں گے اور تمام تعلیمی سہولیات مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی یکساں اور متوازن بنیادوں پر ہی ممکن ہے، اور تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی پاکستان کی مجموعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی درخواست پر ”پروجیکٹ فریڈم “ روکنے کے اعلان پر ٹرمپ کا شکر گزار ہوں، وزیر اعظم شہباز شریف
خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی اور سفارتی رابطوں میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت نے اہم اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق امید ہے کہ یہ پیش رفت مستقل امن کی بنیاد ثابت ہوگی۔
آخر میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کا پاکستان اسی طرح متحد ہے جیسے قیامِ پاکستان کے وقت تھا، اور قومی اتحاد ہی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے،خطے میں امن کے لیے پاکستان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور یہ خدمات تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ انہوں نے اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو بھی سراہا۔







