عازمین حج آج رات منیٰ میں قیام کریں گے جبکہ کل 9 ذوالحجہ کو نمازِ فجر کے بعد وہ میدانِ عرفات روانہ ہوں گے، جہاں حج کے رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کی ادائیگی کی جائے گی۔ وقوفِ عرفہ کو حج کا سب سے اہم مرحلہ قرار دیا جاتا ہے، جس کے لیے دنیا بھر سے آنے والے مسلمان خصوصی روحانی جذبے کے ساتھ تیاری کر رہے ہیں۔
منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں سیکیورٹی اور انتظامی اقدامات انتہائی سخت کر دیے گئے ہیں۔ لاکھوں عازمین کی سہولت اور حفاظت کے لیے جدید ٹیکنالوجی، اضافی طبی عملہ، ٹھنڈے پانی کی فراہمی اور ہنگامی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
Hajj day 1- Pilgrims spend the day in Mina.#hajj pic.twitter.com/89q4uK35KX
— The Holy Mosques (@theholymosques) May 25, 2026
دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مقدس مقامات پر شدید گرمی برقرار رہے گی اور یومِ عرفہ کے موقع پر درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ شدید گرمی کے پیش نظر سعودی حکومت نے منیٰ اور عرفات میں سایہ دار مقامات، واٹر مسٹ فینز اور کولنگ سسٹمز کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے تاکہ عازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں، دھوپ میں غیر ضروری نکلنے سے گریز کریں اور حکام کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
مقدس مقامات پر دنیا بھر سے آئے ہوئے مسلمانوں کا جوش و خروش دیدنی ہے جبکہ مختلف زبانوں اور رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے مسلمان اتحاد و یکجہتی کی خوبصورت تصویر پیش کر رہے ہیں۔
حج انتظامات پر مامور سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس سال بھی عازمین کی خدمت اور سہولت کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ ہر حاجی اپنے مذہبی فرائض پرسکون ماحول میں ادا کر سکے۔







