ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی بدلتی ہوئی سیکیورٹی صورتحال، دفاعی تعاون اور دوطرفہ فوجی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔

لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہائیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل مہارت کو سراہتے ہوئے علاقائی امن، استحکام اور عالمی امن مشنز میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

لبنانی آرمی چیف کا یہ دورہ دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔