کار ایکسپرٹ ڈاٹ کام کے مطابق گزشتہ روز سڈنی موٹرسپورٹ پارک میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں زیکر برانڈ نے آسٹریلیا میں اپنے آپریشنز کے پہلے سال کا جشن منایا، جہاں سو سے زائد صارفین نے اپنی نئی یس یو وی زیکر سیون ایکس گاڑیاں وصول کیں۔
یہ گاڑی گزشتہ 12 ماہ میں زیکرکے آسٹریلوی مارکیٹ میں متعارف کرائے گئے تیسرے ماڈل کے طور پر سامنے آئی ہے، اس سے قبل کمپنی نےچھوٹی ایس یو وی زیکر ایکس اور پیپل موور زیکر زیرو نائن متعارف کرائی تھی۔
زیکر سیون ایکس کا براہِ راست مقابلہ مقامی مارکیٹ کی مشہور درمیانے سائز کی الیکٹرک ایس یو ویز سے ہے، جن میں سب سے نمایاں ٹیسلا وائے ماڈل بھی شامل ہے۔
کار ایکسپرٹ کے مطابق مقامی ڈیلیوری شروع ہونے سے پہلے ہی زیکر سیون ایکس کے 2500 سے زیادہ پری آرڈرز موصول ہو چکے ہیں، جب کہ کمپنی نےپہلے 1000 ڈپازٹس محض سات دنوں میں حاصل کیے۔
کمپنی کے مطابق وہ مزیدآرڈرز محفوظ کر رہی ہے تاکہ تمام صارفین کو 2025 کے اختتام تک نئی گاڑیاں پہنچا دی جائیں۔
چائنیز اٹو کمپنی زیکر جو 2021 میں قائم ہوئی اور گیلی ہولڈنگ گروپ (وولوو کی پیرنٹ کمپنی) کی ملکیت کے مطابق آسٹریلیا میں سیون ایکس خریدنے والے 74 فیصد افراد پہلی بار ای وی خرید رہے ہیں، جب کہ 70 فیصد صارفین نے ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں سے الیکٹرک وہیکل کی طرف رخ کیا ہے ان میں سے اکثر پہلے یورپی برانڈز استعمال کررہے تھے۔
کمپنی کے مطابق یہ اعداد و شمار آسٹریلوی صارفین میں پریمیم آل الیکٹرک گاڑیوں اور تیز چارجنگ ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی طلب کو ظاہر کرتے ہیں۔
زیکر کا کہنا ہے کہ اب تک گاڑی کا سبز رنگ سب سے زیادہ مقبول سیون ایکس پینٹ آپشن کے طور پر سامنے آیا ہے، جب کہ ڈوئل موٹر پرفارمنس آل وہیل ڈرائیو ویرینٹ نے سب سے زیادہ آرڈرز حاصل کیے ہیں۔
اس فلیگ شپ ماڈل کی قیمت 73 ہزار آسٹریلوی ڈالرز مقرر کی گئی ہے، جو 475 کلو واٹ پاور اور 710 این ایم ٹارک پیدا کرتا ہے اور محض چار سیکنڈ میں زیرو سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر لیتا ہے۔
سیون ایکس میں آٹھ سو ولٹ الیکٹریکل سسٹم اور سو کلو واٹ آر بیٹری نصب ہے، جو ڈی سی فاسٹ چارجنگ کے ذریعے صرف 16 منٹ میں 10 سے 80 فیصد تک چارج ہو جاتی ہے۔
اسی طرح، زیکر ایکس کی قیمت58 ہزار آسٹریلوی ڈالرز سے شروع ہوتی ہے، جس میں 75 کلو واٹ آر بیٹری اور 480 کلومیٹر رینج دستیاب ہے، جب کہ لانگ رینج ویریئنٹ کی قیمت 64 ہزار آسڑیلوی ڈالر ہے، جو 615 کلومیٹر کی رینج فراہم کرتا ہے۔
زیکر انٹرنیشنل کے نائب صدر اور زیکر آسٹریلیا کے مینیجنگ ڈائریکٹر فرینک لی نے تقریب میں کہا کہ اُن کے صارفین کو پہلی بارزیکر سیون وصول کرتے دیکھنا صرف ایک گاڑی کی ڈیلیوری نہیں بلکہ ایک تعلق اور مشترکہ جوش و خروش کا لمحہ ہے۔
واضح رہے کہ زیکر آسٹریلیا میں 12 ڈیلرشپس قائم ہیں اور ستمبر 2025 تک وہ 730 یونٹس فروخت کر چکی ہے، جن میں زیکر سیون، ایکس اور زیرو نائن شامل ہیں۔







