ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تنظیم کے بانی معاہدے پر دستخط کیے اور ورلڈ اے آئی کوآپریشن آرگنائزیشن کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی، تنظیم میں شمولیت پاکستان کے لیے مصنوعی ذہانت، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق اور ڈیجیٹل معیشت کے شعبوں میں عالمی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔

سرکاری بیان کے مطابق دورۂ شنگھائی کے دوران نائب وزیراعظم نے مختلف اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی کیں، جن میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ہونے والی ملاقات خصوصی اہمیت کی حامل رہی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک چین ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت، جدید ٹیکنالوجی، تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور علاقائی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ نئی ٹیکنالوجیز اور اختراعی منصوبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری سے نہ صرف دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے بلکہ خطے میں ترقی اور پائیدار معاشی تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔

شنگھائی میں قیام کے دوران اسحاق ڈار نے مختلف حکومتی اور سفارتی شخصیات سے بھی ملاقاتیں کیں، جن میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مستقبل کے تعاون پر گفتگو کی گئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دورہ مکمل ہونے پر شنگھائی میونسپل حکومت کے محکمہ خارجہ کی سینیئر پارٹی رکن سو لِن، چین میں پاکستان کے سفارت خانے اور شنگھائی میں پاکستانی قونصل خانے کے اعلیٰ حکام نے نائب وزیراعظم کو شنگھائی ایئرپورٹ پر الوداع کیا۔

مزید پڑھیں: ’کاروبار میں آسانی‘ کی 558 اصلاحات پر پیشرفت، 468 ارب روپے سے زائد بچت متوقع، وزیراعظم

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اپنا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد روانہ ہو گئے ہیں، جہاں وہ آئندہ ہفتے مختلف سفارتی ملاقاتوں، حکومتی اجلاسوں اور خارجہ امور سے متعلق اہم سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ  پاکستان کی ورلڈ اے آئی کوآپریشن آرگنائزیشن میں شمولیت مستقبل میں مصنوعی ذہانت، تحقیق، ڈیجیٹل معیشت، اختراعی ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی شراکت داری کے میدان میں ملک کے کردار کو مزید مؤثر بنانے میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔