کراچی میں منعقدہ تقریب کے دوران ’’انویسٹ پاک‘‘ پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ یہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم سرمایہ کاروں کے لیے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تک آسان رسائی فراہم کرے گا اور سرمایہ کاری کے عمل کو مزید تیز، شفاف اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سرمایہ کاروں کو تمام ضروری معلومات اور سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں تاکہ سرمایہ کاری کے فیصلے آسانی سے کیے جا سکیں۔ ان کے مطابق ’’انویسٹ پاک‘‘ پورٹل ملکی معیشت میں نئی سرمایہ کاری لانے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں، اقتصادی استحکام، پالیسیوں میں تسلسل اور کاروبار دوست ماحول کی بدولت پاکستان سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش مارکیٹ کے طور پر ابھر رہا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے گورنر اسٹیٹ بینک اور متعلقہ اداروں کو ’’انویسٹ پاک‘‘ پورٹل کے اجرا پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی کامیابی مختلف اداروں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہے، امید ظاہر کی کہ یہ پورٹل ملکی معیشت میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مثبت نتائج دے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف بڑے سرمایہ کاروں بلکہ عام شہریوں کو بھی مالیاتی منڈیوں میں شمولیت کی ترغیب دے رہی ہے، پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی بدولت سرمایہ کاری پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسان اور قابل رسائی ہو گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ جاز کیش ایپ کے ذریعے صرف 5 ہزار روپے سے سرمایہ کاری کا آغاز کیا جا سکتا ہے، جس سے نوجوانوں، طلبہ، ملازمت پیشہ افراد اور چھوٹے سرمایہ کاروں کو مالیاتی منڈیوں میں حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان سے شکست کے بعد مودی شدید دباؤ میں ہیں، میرے خلاف پروپیگنڈا مہم سے ان کی ساکھ بحال نہیں ہو سکتی، خواجہ آصف
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور نوجوان سرمایہ کاروں کو ملکی معیشت کا فعال حصہ بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، نجی شعبے کی مضبوط شراکت، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اور جدید ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان کی پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حکومت کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانے، سرمایہ کاری میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔







