آئی ایف سی کی جانب سے منگل کو جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق یہ سرمایہ کاری 33 ارب 60 کروڑ روپے تک کی غیر فنڈڈ جزوی کریڈٹ گارنٹی کی صورت میں کی گئی ہے، جس کے تحت اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان لمیٹڈ اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ کو طویل المدتی فنانسنگ فراہم کرے گا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ شراکت پاکستان میں آئی ایف سی کی پہلی مقامی کرنسی سرمایہ کاری ہے، جس کے ذریعے مقامی اور غیر ملکی دونوں کرنسیوں میں طویل المدتی فنانسنگ تک رسائی میں توسیع ہوگی۔
آئی ایف سی کے مطابق اس اقدام سے بالخصوص زراعت اور مائیکرو، اسمال اور میڈیم انٹرپرائزز (ایم ایس ایم ایز) جیسے اہم شعبوں میں معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔
آئی ایف سی کا کہنا ہے کہ اس فنانسنگ کے ذریعے مقامی سرمائے کو متحرک کیا جائے گا، جس سے اینگرو فرٹیلائزرز کو پاکستان میں زرعی ویلیو چین مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔
اس سرمایہ کاری کا مقصد زرعی شعبے کو مستحکم کرنا اور غذائی تحفظ کو تقویت دینا ہے، جب کہ یہ منصوبہ آئی ایف سی کینیڈا کے فیسلٹی فار ریزیلینٹ فوڈ سسٹمز کی جانب سے فراہم کردہ فرسٹ لاس کاؤنٹر گارنٹی سے بھی مستفید ہوگا۔
پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستانی روپے میں فنانسنگ کے استعمال سے اینگرو فرٹیلائزرز مقامی سرمائے کے استعمال کو فروغ دے گی، جس سے آپریشنل استحکام میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ یہ فنانسنگ اینگرو کو اپنی تنصیبات کی دیکھ بھال، آپریشنز اور دیگر سرگرمیوں میں سرمایہ کاری کے قابل بنائے گی، جس کے نتیجے میں یوریا اور دیگر کھادوں کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی تاکہ قومی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
آئی ایف سی کے مطابق اس فنانسنگ کا ایک مقصد کسانوں کے لیے جاری پروگراموں کی معاونت بھی ہے، تاکہ اینگرو کے بنیادی مشن، یعنی قابلِ اعتماد اور پائیدار زرعی پیداوار سے ہم آہنگ اقدامات کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں زرعی شعبہ ملکی مجموعی قومی پیداوار کا 24 فیصد، برآمدات کا 70 فیصد اور مجموعی روزگار کا 40 فیصد فراہم کرتا ہے، جو اسے ملک کی طویل المدتی معاشی ترقی کے لیے نہایت اہم بناتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان ریلویز نے سال 2025 میں 93 ارب روپے سے زائد کا ریونیو حاصل کیا، حنیف عباسی
اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ اینگرو ہمیشہ پاکستان کے اہم مسائل کو بامعنی انداز میں حل کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی سرمائے کے ذریعے مقامی ویلیو چینز کو مضبوط بنانا ملک اور کسانوں سے اینگرو کی وابستگی کا واضح ثبوت ہے، کیونکہ کسان پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر آئی ایف سی اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کا شکریہ ادا کیا۔
آئی ایف سی کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے لیے مینوفیکچرنگ، ایگری بزنس اور سروسز کے ریجنل انڈسٹری ہیڈ اشرف مجاہد نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری اینگرو فرٹیلائزرز اور اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے ساتھ آئی ایف سی کی مضبوط شراکت داری اور پائیدار انداز میں مسائل کے حل کے لیے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔
ان کے مطابق اس منصوبے کے ذریعے مقامی کرنسی میں طویل المدتی فنانسنگ کے نئے راستے کھل رہے ہیں، جو ایک ایسے شعبے میں ترقی اور مالی استحکام کو سہارا دیں گے جو ملکی معیشت کے لیے نہایت اہم ہے۔
اسی طرح اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ہیڈ آف کوریج ریحان شیخ نے کہا کہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ پاکستان کی معیشت میں پائیدار ترقی اور طویل المدتی استحکام کے لیے مؤثر فنانسنگ حل فراہم کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔
آئی ایف سی کا یہ اعلان اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور آئی ایف سی کے درمیان مقامی کرنسی میں نجی شعبے کی فنانسنگ بڑھانے کے معاہدے کے تقریباً دو ماہ بعد سامنے آیا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے 21 اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ آئی ایف سی کے ساتھ انٹرنیشنل سویپس اینڈ ڈیریویٹوز ایسوسی ایشن کے فریم ورک کے تحت ایک معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت آئی ایف سی کو پاکستانی روپے میں سرمایہ کاری اور زرِ مبادلہ کے خطرات بہتر انداز میں سنبھالنے کی سہولت حاصل ہوگی۔







