وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے بوجھ کا حکومت کو مکمل احساس ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشا، چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔
اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
اس حساب سے موٹرسائیکل، رکشا اور چنگچی استعمال کرنے والوں کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 2 ہزار روپے جبکہ 800 سی سی تک گاڑی رکھنے والوں کو ماہانہ زیادہ سے زیادہ 3 ہزار روپے کا ریلیف مل سکے گا۔
وزیراعظم کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں اسکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جب کہ پورے پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں اس کا اطلاق بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے بتایا کہ خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا آغاز آج سے کردیا گیا ہے۔ اسکیم کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔
انہوں نے موٹرسائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیوں سے متعلق معلومات کی فراہمی میں تعاون پر صوبائی حکومتوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا مقصد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنا اور بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔







