سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اس نجکاری کے تحت سرمایہ کاروں کو تینوں تقسیم کار کمپنیوں میں سے ہر ایک میں مینجمنٹ کنٹرول کے ساتھ 51 سے 100 فیصد تک شیئر ہولڈنگ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام حکومتِ پاکستان کے وسیع تر اقتصادی اصلاحاتی ایجنڈے کا حصہ ہے، جس کا مقصد کارکردگی میں بہتری، خدمات کی معیاری فراہمی، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ اور پاور سیکٹر میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
فیسکو، گیپکو اور آئیسکو مشترکہ طور پر پنجاب اور اسلام آباد کے بڑے صنعتی، تجارتی اور شہری مراکز میں ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کر رہی ہیں۔ نجکاری کا یہ عمل بین الاقوامی طور پر رائج شفاف اور مسابقتی طریقۂ کار کے تحت آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار انفرادی حیثیت میں یا کنسورشیم کی صورت میں، دستاویزات میں درج اہلیت کے معیار کے مطابق شرکت کر سکتے ہیں۔
اظہارِ دلچسپی کے نوٹس کے مطابق ہر تقسیم کار کمپنی کے لیے علیحدہ پیشکش جمع کرانا ہوگی۔ پیشکشیں جمع کرانے کی آخری تاریخ فیسکو کے لیے 7 جولائی 2026، گیپکو کے لیے 6 اگست 2026 اور آئیسکو کے لیے 7 ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
سرمایہ کاری کے مواقع، نجکاری کے ڈھانچے اور دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں کے لیے طریقۂ کار کی وضاحت کے لیے نجکاری کمیشن اور مالیاتی مشیر کی جانب سے مشترکہ طور پر ایک آن لائن بریفنگ بھی منعقد کی جائے گی۔
حکومتِ پاکستان پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کو توانائی کے شعبے کی جدیدکاری، غیرفعالیت میں کمی، نجی شعبے کی شمولیت کے فروغ اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دے رہی ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ اس اقدام سے مالیاتی استحکام، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور طویل المدتی اقتصادی ترقی میں مثبت پیش رفت ہوگی۔
نجکاری کمیشن نے کہا ہے کہ ڈسکوز کے موجودہ ٹیرف ڈھانچے، ملٹی ایئر ٹیرف نظام، بزنس ماڈل اور سپلائرز کے موجودہ فریم ورک کو بہتر بنانے کے لیے ممکنہ سرمایہ کاروں اور پاور سیکٹر کے شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کی جائے گی، تاکہ پاکستان میں بجلی کی فراہمی کے شعبے میں نجی شعبے کی زیادہ مؤثر اور تیز رفتار شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔
نجکاری کمیشن نے اس عزم کا اظہار بھی کیا ہے کہ پاکستان پالیسی کے تسلسل، ریگولیٹری شفافیت اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گا۔ نجکاری کے عمل میں شمولیت، اہلیت کے تقاضوں اور اظہارِ دلچسپی جمع کرانے سے متعلق تفصیلی معلومات نجکاری کمیشن کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔






