تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال 2025-26ء کے پہلے پانچ ماہ میں تجارتی خسارے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس عرصے میں نہ صرف خسارہ بڑھا بلکہ درآمدات میں بھی اضافہ ہوا جبکہ برآمدات مسلسل دباؤ کا شکار رہیں۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا نومبر تجارتی خسارہ 37.17 فیصد بڑھ گیا جس کے بعد خسارے کی مجموعی مالیت 15 ارب 46 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔
نومبر کے اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیاد پر تجارتی خسارہ 32.79 فیصد بڑھا، تاہم ماہانہ بنیاد پر اس میں 11.86 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ کم ہو کر دو ارب 85 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہا۔
رپورٹ کے مطابق جولائی تا نومبر درآمدات 13.26 فیصد اضافے کے ساتھ 28 ارب 31 کروڑ 30 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں، جب کہ صرف نومبر میں درآمدات پانچ ارب 25 کروڑ 30 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئیں۔
دوسری جانب جولائی تا نومبر برآمدات 6.39 فیصد کمی کے ساتھ 12 ارب 84 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تک محدود رہیں۔
نومبر میں سالانہ بنیاد پر برآمدات 15.35 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 15.80 فیصد کم ہوئیں، اور اس ماہ برآمدات صرف دو ارب 39 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہیں۔







