ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، جب کہ 14 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس ہفتے آلو کی قیمت میں 0.87 فیصد، ٹماٹر میں 7.17 فیصد، پیاز میں 6.08 فیصد، آٹے میں 1.84 فیصد اور کوکنگ آئل کی قیمت میں 0.34 فیصد اضافہ ہوا۔
اسی طرح رپورٹ میں بتایا گیا کہ چکن کی قیمت میں 8.56 فیصد، بجلی کے نرخوں میں 6.08 فیصد، لہسن میں 3.53 فیصد، دال مونگ میں 1.45 فیصد، دال ماش میں 0.01 فیصد اور دال چنا میں 0.26 فیصد کمی واقع ہوئی۔
اس کے علاوہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 1.21 فیصد، ایل پی جی میں 0.87 فیصد، کیلے میں 0.18 فیصد اور انڈوں کی قیمت میں 0.10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق حساس قیمتوں کے اشاریے کی بنیاد پر سالانہ مہنگائی کی شرح مختلف آمدنی والے طبقوں کے لیے بھی کمی کے ساتھ ریکارڈ کی گئی ہے۔ 17 ہزار 732 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.06 فیصد کمی کے بعد 11.79 فیصد رہی۔
17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ آمدنی والے طبقے کے لیے یہ شرح 0.28 فیصد کمی کے ساتھ 14.32 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے تک آمدنی والے طبقے کے لیے 0.15 فیصد کمی کے ساتھ 12.84 فیصد رہی۔
اسی طرح 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 0.13 فیصد کمی کے ساتھ 12.81 فیصد جبکہ 44 ہزار 176 روپے سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے یہ شرح 0.36 فیصد کمی کے بعد 14.17 فیصد ریکارڈ کی گئی۔






