پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران ملکی برآمدات کا حجم 22.73 ارب ڈالر رہا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 24.71 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 8 فیصد کم ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے مہینے میں برآمدات کا حجم 2.264 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو فروری کے 2.276 ارب ڈالر کے مقابلے میں ایک فیصد کم جبکہ گزشتہ سال مارچ کے 2.645 ارب ڈالر کے مقابلے میں 14.4 فیصد کم ہے۔

دوسری جانب مالی سال کے پہلے نو ماہ (جولائی تا مارچ 2026) کے دوران درآمدات کا حجم 50.53 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 47.38 ارب ڈالر کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہے۔

مارچ میں درآمدی بل 4.995 ارب ڈالر رہا، جو فروری کے 5.290 ارب ڈالر کے مقابلے میں 6 فیصد کم اور گزشتہ سال مارچ کے 5.278 ارب ڈالر کے مقابلے میں 5.4 فیصد کم ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے نو ماہ میں ملک کا مجموعی تجارتی خسارہ 27.80 ارب ڈالر تک پہنچ گیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 22.67 ارب ڈالر کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہے۔

مارچ کے دوران تجارتی خسارہ 2.731 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا، جو فروری کے 3.013 ارب ڈالر کے مقابلے میں 9 فیصد کم تاہم گزشتہ سال مارچ کے 2.633 ارب ڈالر کے مقابلے میں 4 فیصد زیادہ ہے۔