اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 12 دسمبر 2025ء تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی تحویل میں موجود زرمبادلہ ذخائر کا حجم 15.886 ارب ڈالر رہا، جب کہ کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے خالص ذخائر 5.202 ارب ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق 12 دسمبر 2025ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں 1.3 ارب ڈالر کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے ذخائر 15.886 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ زرمبادلہ ذخائر میں یہ اضافہ بنیادی طور پر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی توسیعی فنڈ سہولت (ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی) اور ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فسیلٹی کے تحت موصول ہونے والی رقم کے باعث ہوا۔

ان سہولتوں کے تحت پاکستان کو 914 ملین اسپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) موصول ہوئے، جو مالیت کے اعتبار سے تقریباً 1.2 ارب امریکی ڈالر بنتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں حالیہ اضافہ ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے اور اس سے بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ میں کمی کے ساتھ ساتھ مالیاتی استحکام کو تقویت ملنے کی توقع ہے۔