نیپرا نے پاور ڈویژن کی درخواست پر فکسڈ چارجز سے متعلق اپنا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ نئے فیصلے کے تحت فکسڈ چارجز کا اطلاق پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں اقسام کے صارفین پر ہوگا۔ اس سے قبل صرف 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز لاگو تھے۔

نیپرا کے فیصلے کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں، جب کہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر 300 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز لاگو ہوں گے۔

اسی طرح 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔ 200 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 300 روپے، جب کہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 350 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پرھیں: امن کا قیام اولین ترجیح، عام شہریوں کے قاتلوں سے کوئی مفاہمت نہیں ہوگی: وزیرِاعلیٰ بلوچستان

فیصلے کے مطابق 301 سے 400 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے فکسڈ چارجز میں 200 روپے اضافہ کر کے انہیں 400 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ 401 سے 500 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے لیے 100 روپے اضافے کے بعد فکسڈ چارجز 500 روپے کر دیے گئے ہیں۔

مزید برآں 600 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے صارفین کے فکسڈ چارجز میں 75 روپے اضافہ کر کے انہیں 675 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

اسی طرح 700 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کے فکسڈ چارجز میں 125 روپے کمی کر کے 675 روپے مقرر کیے گئے ہیں، جب کہ 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے فکسڈ چارجز میں 325 روپے کمی کے بعد انہیں بھی 675 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔