لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ فی الحال ملک میں پیٹرول کی کوئی قلت نہیں، تاہم عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں تقریباً 80 فیصد اضافہ ہوا، جب کہ پاکستان میں اس اضافے کا صرف 50 فیصد بوجھ عوام پر منتقل کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ سردیوں کے دوران عوام کو گیس کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور ضرورت پڑنے پر اضافی گیس بھی درآمد کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں مقامی تیل کی تلاش کے لیے مختلف کنوؤں پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور اکتوبر میں تیل کی نئی دریافت کی امید ہے۔

علی پرویز ملک نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ عوام کو درپیش مشکلات کو سیاسی تنازع کا حصہ بنانے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی جانب کسی کو چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بلدیاتی نظام اور نئے انتظامی یونٹس سے متعلق معاملات پارلیمان میں زیر بحث لائے جائیں گے۔