سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔ اس فیصلے کے بعد پیٹرول کی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور مشکل حالات میں قوم نے جس صبر اور استقامت کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے ساتھ کھڑے رہنے پر عوام کے شکر گزار ہیں اور شروع دن سے ہی کوشش کی گئی کہ اپنے وسائل بروئے کار لا کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ کمی لائی جائے۔

وزیراعظم کے مطابق وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ میں ردوبدل اور کفایت شعاری سے حاصل ہونے والی بچت کے ذریعے 129 ارب روپے مختص کیے تاکہ تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب خطے کے بعض ممالک کو ایندھن کی راشن بندی جیسے اقدامات کرنا پڑے، اس وقت پاکستان نے بہتر منصوبہ بندی کے باعث توانائی بحران سے خود کو محفوظ رکھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نہ پیٹرول کی قلت پیدا ہوئی، نہ لمبی قطاریں لگیں اور نہ ہی عوام کو کسی بڑے بحران کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے قومی معیشت کو مستحکم رکھنے میں وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون کو سراہتے ہوئے تمام وزرائے اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی مہنگائی کی لہر سے عوام کو بچانے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے اور بین الاقوامی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں جتنی بھی کمی آتی ہے، اسے براہ راست عوام تک منتقل کیا جاتا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ معاشی استحکام اور مہنگائی میں مزید کمی کے لیے حکومتی اقدامات جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بحران کے دوران حکومتی سطح پر کفایت شعاری اپنانے کے ساتھ ساتھ کمزور اور محروم طبقات کے لیے خصوصی ریلیف پیکیجز بھی دیے گئے، جبکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے دوران پاکستان کی ثالثی سے امن ممکن ہوا اور "اسلام آباد مفاہمتی یادداشت" پر دستخط ایک تاریخی پیش رفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان اور پاکستانی قوم کو عزت و وقار سے نوازا ہے اور یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور قیادت کے باعث یہ امن معاہدہ ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ معاشی بحران کے دوران ان شخصیات اور متعلقہ اداروں نے اہم کردار ادا کیا، جس کے مثبت نتائج اب عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

واضح رہے کہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔