حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 327 روپے 12 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل 375 روپے 4 پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے۔ نوٹیفکیشن  کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں 23 جولائی کے لیے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی حکومت نے مسلسل دو روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 93 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت 320 روپے 73 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 367 روپے 21 پیسے فی لیٹر ہو گیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 35 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، تاہم ڈیزل 5 روپے 71 پیسے فی لیٹر مہنگا کر کیا گیا تھا۔

مسلسل تین روز کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 10 روپے 97 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے 69 پیسے فی لیٹر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔