تفصیلات کے مطابق ان معاہدوں کا اعلان اسلام آباد میں یورپی یونین پاکستان بزنس فورم کے موقع پر کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق سندھ میں سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعمیرِ نو کے لیے 100 ملین یورو مختص کیے گئے ہیں، جبکہ صوبے میں سیلاب سے متاثرہ 21 لاکھ گھروں کی تعمیرِ نو کی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے لیے 60 ملین یورو مختص کیے گئے ہیں۔ شہر میں دو فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر سے 22 لاکھ افراد مستفید ہوں گے اور روزانہ 30 کروڑ لیٹر پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق یہ منصوبے یورپی یونین کی "گلوبل گیٹ وے" حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔

یورپی انویسٹمنٹ بینک کے حکام کا کہنا ہے کہ گلوبل گیٹ وے حکمتِ عملی کے تحت پاکستان میں ترقیاتی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

حکام نے ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کمزور طبقات کے لیے محفوظ رہائش اور صاف پانی کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہیں، جبکہ ای آئی بی کی پاکستان میں دوبارہ سرمایہ کاری سے دوطرفہ شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔

یورپی انویسٹمنٹ بینک کے مطابق گھروں کی تعمیر میں عوامی شمولیت اور ماحولیاتی معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔