غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کے نئے ٹیزر میں لیونل میسی کو اسپائیڈرمین سے ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ٹیزر جاری ہوتے ہی یہ منظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا، جب کہ مداحوں نے اسے فلم کی تشہیری مہم کا سب سے منفرد اور دلچسپ لمحہ قرار دیا۔
تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ میسی کی یہ جھلک صرف فلم کی تشہیری مہم کا حصہ ہے یا وہ فلم میں باقاعدہ کسی کردار میں بھی نظر آئیں گے۔ اس کے باوجود وائرل ویڈیو نے دنیا بھر میں شائقین کے جوش و خروش میں اضافہ کر دیا ہے۔
فلم میں ٹام ہالینڈ ایک بار پھر پیٹر پارکر، یعنی اسپائیڈرمین، کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ نئی فلم کی کہانی اسپائیڈرمین: نو وے ہوم کے واقعات کے بعد شروع ہوتی ہے، جہاں پیٹر پارکر اپنی سابقہ شناخت اور زندگی سے محروم ہونے کے بعد ایک نئے سفر کا آغاز کرتا ہے۔
Who’s got next?#SpiderManBrandNewDay is in theatres July 31. Get tickets now. https://t.co/Gm9mNYmuub pic.twitter.com/uiQOtcBElX
— Spider-Man Movie (@SpiderManMovie) June 30, 2026
فلم سازوں کے مطابق اس بار ناظرین کو اسپائیڈرمین کا پہلے سے زیادہ پختہ اور مختلف روپ دیکھنے کو ملے گا۔ ہدایت کاروں کا کہنا ہے کہ اسپائیڈرمین: برانڈ نیو ڈے کی کہانی پیٹر پارکر کی نئی زندگی اور نئے چیلنجز کے گرد گھومتی ہے، جہاں وہ ماضی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اپنی شناخت دوبارہ قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
فلم 31 جولائی کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ ٹام ہالینڈ کی واپسی، مارول کائنات کے دیگر کرداروں کی متوقع موجودگی اور اب لیونل میسی کی غیر متوقع جھلک نے فلم کو ریلیز سے قبل ہی دنیا کی سب سے زیادہ زیرِ بحث آنے والی سپر ہیرو فلموں میں شامل کر دیا ہے۔







