سیریز کا فائنل ایپی سوڈ نہ صرف آج نیٹ فلکس پر ریلیز ہو گا بلکہ پہلی بار سنیما گھروں میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔ آٹھویں اور آخری قسط کا عنوان دی رائٹ سائیڈ اپ رکھا گیا ہے۔

یاد رہے کہ نیٹ فلکس نے سیزن فائیو کو دو حصوں میں ریلیز کیا تھا۔والیم ون چار ایپی سوڈز اور والیم ٹو تین ایپی سوڈز پر مشتمل تھا جو ساتویں ایپی سوڈ پر اختتام ہوا تھا۔

گزشتہ قسط میں میکس کے ہوش میں آنے پر انکشاف ہوا تھا کہ ویکنا اپ سائیڈ ڈاؤن کو ایک متوازی دنیا ایبس کے ساتھ ضم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اس خطرے کے بعد مرکزی کردار ایک منصوبہ بناتے ہیں جس کے تحت ایبس میں داخل ہو کر اغوا شدہ بچوں کو آزاد کرانا اور بم کے ذریعے اس دنیا کو تباہ کرنا شامل ہے۔

ایپی سوڈ کے آخری مناظر میں ویکنا جو انسانی روپ میں ہنری کریل کی شکل میں ہے، اپنے زیراثر لوگوں کے ساتھ ایک پراسرار عمل میں مصروف دکھائی دیتا ہے۔

واضح رہے کہ تقریباً ایک دہائی قبل میٹ اور راس ڈفر نے اس سیریز کو تخلیق کیا تھا، جس کا پہلا سیزن جولائی 2016 میں ریلیز ہوا اور عالمی سطح پر دھوم مچا دی۔ اس کے بعد 2017، 2019 اور 2022 میں بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے سیزن پیش کیے گئے، جن میں چوتھا سیزن دو حصوں میں ریلیز ہوا۔

سیریز کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اسٹرینجر تھنگز فرسٹ شیڈو کے نام سے اسٹیج پلے بھی بنایا گیا، جو لندن ویسٹ اینڈ کے بعد براڈوے میں پیش کیا جا رہا ہے۔

ڈفر برادران کا کہنا ہے کہ فائنل قسط میں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ الیون کے لیے خوشگوار انجام ممکن کیسے ہوگا؟ دنیا کو بچانے کے باوجود وہ اب بھی فوج کے نشانے پر رہے گی۔ ان کے مطابق الیون کا کردار اس بار مائیک کی امید اور کیلی کے حقیقت پسندانہ مگر مایوس کن نظریے کے درمیان الجھا ہوا نظر آئے گا۔

یاد رہے کہ اسٹرینجر تھنگز نیٹ فلکس کی تاریخ کی مقبول ترین سیریز میں شامل ہے اور اب تک 1.2 ارب سے زائد ویوز حاصل کر چکی ہے۔

فائنل ایپی سوڈ دو گھنٹے اور پانچ منٹ طویل ہو گا اور پہلی بار اسے بڑے پردے پر دکھایا جائے گا۔امریکا اور کینیڈا کے 500 سے زائد سنیما گھروں میں اس کی نمائش ہوگی، جب کہ سالِ نو پر ابتدائی اسکریننگز شروع ہوں گی۔

ڈفر برادران کے مطابق سنیما میں فائنل قسط دیکھنے کے لیے 11 لاکھ سے زیادہ افراد پہلے ہی رجسٹریشن کرا چکے ہیں، جب کہ 620 سے زائد تھیٹرز میں 3500 سے زیادہ شوز مکمل طور پر فروخت ہو چکے ہیں۔