ایکشن اور کامیڈی سے بھرپور فلم آگ لگے بستی میں نے عید کے ویک اینڈ پر شاندار بزنس کرتے ہوئے مجموعی طور پر 27 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کمائی کی۔ اس میں سے تقریباً 16 کروڑ 20 لاکھ روپے پاکستان میں جبکہ 11 کروڑ روپے بیرون ملک سے حاصل کیے گئے، جو کسی بھی پاکستانی فلم کے لیے ایک بڑی کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔

فلم میں معروف اداکار فہد مصطفیٰ اور سپر اسٹار ماہرہ خان نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں، جبکہ تابش ہاشمی نے اس فلم کے ذریعے فلمی دنیا میں ڈیبیو کیا ہے۔ شائقین کی بڑی تعداد نے فلم کے مزاحیہ اور ایکشن مناظر کو خوب سراہا۔

دوسری جانب پنجابی زبان میں بننے والی ایکشن ڈرامہ فلم بلّھا نے بھی محدود اسکرینز کے باوجود باکس آفس پر زبردست آغاز کیا۔ فلم نے ویک اینڈ کے دوران تقریباً 10 کروڑ 75 لاکھ روپے کمائے، جو اس کے لیے ایک قابل ذکر کامیابی ہے۔

فلم میں سینئر اداکار شعیب شاہد کی واپسی کو بھی شائقین نے خوب سراہا، اور ان کی پرفارمنس کو فلم کی کامیابی میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

واضع رہے کہ عیدالفطر کے موقع پر ان دونوں فلموں کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی ناظرین معیاری تفریح کے لیے سینما گھروں کا رخ کر رہے ہیں،اگر اسی معیار کی فلمیں بنتی رہیں تو ملکی فلم انڈسٹری ایک بار پھر اپنے عروج کی جانب لوٹ سکتی ہے۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ آگ لگے بستی میں اور بلّھا کی کامیابی نہ صرف فلم سازوں کے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ کرے گی، جس سے مستقبل میں مزید بڑی اور معیاری فلموں کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔