گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ طلحہ انجم نے اسٹیج پر انڈین پرچم نہ صرف لہرایا بلکہ اسے کندھے پر بھی اوڑھ لیا۔ کنسرٹ میں موجود شرکا کے مطابق یہ اقدام مختلف ممالک سے آئے ہوئے سامعین کے احترام اور امن و دوستی کا پیغام دینے کی کوشش تھا۔
ویڈیوز سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر صارفین کے درمیان بحث چھڑ گئی۔ کچھ نے طلحہ انجم کے عمل کو فن کے ذریعے نفرت کم کرنے کی کوشش قرار دیا، جب کہ کئی صارفین نے اس پر ناراضی کا اظہار کیا۔
ناقدین کا کہنا تھا کہ فن کی آزادی اپنی جگہ، مگر ایسے ملک کا پرچم لہرانا مناسب نہیں جو پاکستان کو عالمی سطح پر مسلسل منفی انداز میں پیش کرتا ہے۔ عزتِ نفس بھی اہم ہوتی ہے۔
My heart has no place for hate. My art has no borders. If me raising an Indian flag sparks controversy so be it. I’ll do it again.. will never care about the media, the war mongering governments and their propagandas. Urdu Rap is and will always be borderless.. 🇵🇰 🇳🇵 🇮🇳
— Talha Anjum (@talhahanjum) November 16, 2025
تنقید کے جواب میں طلحہ انجم نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان کے دل میں کسی قوم کے لیے نفرت نہیں، اور ان کا فن سرحدوں سے بالاتر ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر انڈین پرچم لہرانے سے تنازع پیدا ہوا ہے تو وہ اس عمل کو بغیر ہچکچاہٹ کے دوبارہ بھی دہرائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ میڈیا پروپیگنڈا یا حکومتوں کے جنگ جیسے بیانیوں کی پروا نہیں کرتے اور اردو ریپ ہمیشہ سرحدوں اور سیاست سے آزاد رہے گا۔
واضح رہے کہ مئی میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان چار روزہ شدید فوجی جھڑپ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات تاحال کشیدہ ہیں اور انڈیا کی جانب سے اس واقعے کے بعد سے پاکستانی فنکاروں اور چینلز کا مکمل بائیکاٹ جاری ہے۔







