امریکی اینیمیٹڈ سیریز دی سمپسنز کی فلم کا دوسرے حصے کا باضابطہ طور پر اعلان کر دیا گیا ہے۔
20ویں سینچری سٹوڈیو نامی انسٹاگرام اکاونٹ نے اس بات کی تصدیق کی کہ نئی فلم 23 جولائی 2027 کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔
یہ اعلان 20ویں سینچری سٹوڈیو کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹر شیئر کر کے کیا گیا۔ اس پوسٹر میں ایک ڈونٹ کو کسی ہاتھ سے پکڑتے ہوئے دکھایا گیا اور ساتھ لکھا تھا ہومر دوبارہ آ رہا ہے۔
اس فلم کے سیکوئیل کی باتیں کئی برسوں سے جاری تھیں۔ لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے منصوبہ بندی متاثر ہوئی۔ دی سمپسنز کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ال جین نے پہلے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ سیکوئیل پر بات چیت رک چکی ہے۔ تاہم حالیہ دنوں میں ڈزنی کی فلم ان سائیڈ آؤٹ ٹو کی کامیابی نے اسٹوڈیو کے منصوبوں کو ایک بار پھر فعال کر دیا۔
یاد رہے کہ دی سمپسنز ایک طویل عرصے سے جاری رہنے والی امریکی اینیمیٹڈ سیریز ہے جس کا آغاز 1989 میں ہوا۔ اس سیریز میں ہومر سمپسن ان کی اہلیہ مارج ان کے بچے بارٹ لیزا اور میگی مرکزی کردار ہیں۔ 2007 میں ریلیز ہونے والی پہلی فلم میں ہومر کی ایک لاپرواہی کی وجہ سے پورے شہر کو خطرے میں ڈال دیا گیا تھا۔
اس فلم نے دنیا بھر میں پانچ سو ملین ڈالر سے زیادہ کمائے تھے۔ فلم کے آخر میں میگی کا ایک لفظ سیکوئیل سنایا گیا تھا جس کے بعد مداح طویل عرصے سے اس سیکوئیل کے منتظر تھے۔
فی الحال فلم کی کہانی کے بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ تاہم قیاس کیا جا رہا ہے کہ ہومر ایک بار پھر کسی نئی مشکل کی بنیاد بن سکتے ہیں۔
دی سمپسنز کئی دہائیوں سے دنیا بھر میں مشہور ہے اور اس سیریز کو حقیقی واقعات کی پیش گوئی کرنے کے حوالے سے شہرت حاصل ہے۔ ماضی میں اس سیریز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب ڈزنی کی جانب سے فاکس کے حصول فیفا کرپشن اسکینڈل اور لیڈی گاگا کے سپر باؤل شو جیسے کئی واقعات کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
واضع رہے کہ اس وقت فلم کی پروڈکشن سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ نہ ہی کسی حکومتی ادارے یا فلمی سینسر بورڈ کی جانب سے کوئی ردعمل دیا گیا ہے۔ تاہم اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فلم کے قریبی وقت میں مزید معلومات فراہم کی جائیں گی اور اس کی تشہیر کا آغاز کیا جائے گا۔







