پیرس کے پراسیکیوٹر کے دفتر کے مطابق ایک مشتبہ شخص کو چارلس ڈی گال ایئرپورٹ سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ الجزائر کے لیے پرواز کی تیاری کر رہا تھا، جبکہ دوسرا مشتبہ شخص مالی جانے والا تھا۔
گزشتہ اتوار کو چار مسلح افراد نے دن دہاڑے کرین کی مدد سے لوور میوزیم میں داخل ہو کر تقریباً 88 ملین یورو (102 ملین ڈالر) مالیت کے زیورات چرا لیے تھے۔
فرانسیسی وزیرِ انصاف نے اس واقعے کو سیکیورٹی کی سنگین ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے ملک کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔ پولیس کے مطابق چوروں نے صرف چار منٹ میں کارروائی مکمل کی اور دو اسکوٹروں پر موقع سے فرار ہو گئے۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے ڈی این اے شواہد کی مدد سے ایک مشتبہ شخص کی شناخت ممکن ہوئی، جبکہ دستانے اور ایک جیکٹ بھی برآمد ہوئی ہے۔
چوری شدہ قیمتی نوادرات میں نپولین سوم کی اہلیہ امپریس یوجینی کا تاج، ماری لوئز کا ہار اور ایک جوڑی بالیاں شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امکان ہے چوروں نے زیورات کو توڑ کر الگ الگ حصوں میں فروخت کے لیے تیار کر لیا ہوگا، جس سے ان کی بازیابی تقریباً ناممکن ہو جائے گی۔
اس واقعے کے بعد فرانس بھر میں عجائب گھروں اور ثقافتی اداروں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، جبکہ لوور میوزیم نے اپنے باقی قیمتی زیورات کو بینک آف فرانس کے زیرِ زمین خفیہ لاکرز میں منتقل کر دیا ہے۔







